تل ابیب،5جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے اسرائیل کے دورے کے دوسرے دن بدھ کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ بات چیت کی۔دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے بعد مشترکہ بیان بھی جاری کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ شاندار ڈنر کے لئے شکریہ،ہندوستان اسرائیل کے لوگوں کی طرف سے کی گئی ترقی کی تعریف کرتا ہے۔جمہوری اقدار اور اقتصادی ترقی پر ہمارا یقین اور سوچ ایک جیسی ہے،ہمارا تعاون عالمی امن اور استحکام میں اہم کردار نبھائے گا۔اسرائیل پانی اور زراعت ٹیکنالوجی میں بہت آگے ہے۔پانی کی صفائی اور زراعت کو لے کر ہماری گفتگو ہوئی ہے۔ہندوستان دہشت گردوں کی طرف سے پھیلائے جا رہے تشدد سے متاثر ہو رہا ہے اور اسرائیل نے اس سے نمٹنے کے لئے ہندوستان کا ساتھ دینے کی بات کہی ہے۔دہشت گردی اور مغربی ایشیا پر بھی ہماری بات چیت ہوئی۔
نیتن یاہو کی طرف سے محدود مذاکرات سے پہلے مودی نے اسرائیلی صدر رییوین رولن سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں نے اس پر بحث کی کہ کس طرح اسرائیل کی جدید ٹیکنالوجی ”میک ان انڈیا“پہل میں مدد کر سکتی ہے۔اسرائیل کے تین دن کے دورے پر کل تل ابیب پہنچے مودی نے پہلی محدود بات چیت کے لئے نیتن یاہو سے ملاقات کی۔اس کے بعد، مودی نے وفد سطح کی مذاکرات کی۔مودی نے اسرائیل کے اپنے اس سفر کی میزبانی کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا ایک اہم باب لکھنے میں اہم کردار نبھانے پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا شکریہ ادا کیا۔
نیتن یاہو نے مودی کے سفر کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے ہندوستانی ہم منصب کے ساتھ مذاکرات میں تاریخ بنتے دیکھ رہے ہیں۔یہ 70سال میں پہلا موقع ہے جب کسی ہندوستانی وزیر اعظم نے اسرائیل کا دورہ کیا۔مودی نے اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے ایک نئے باب کی بنیاد ڈالتے ہوئے کل اپنے سفر کا آغاز کیا۔یہودی قوم میں ان کا استقبال غیر معمولی طور پر کیا گیا۔مودی جس طرح نیتن یاہو سے گلے ملے اور ان کے مشاہدے سے دونوں رہنماؤں کے درمیان رشتوں کی گرمجوشی کا اندازہ ہوتا ہے۔